اسلام آباد (صباح نیوز) نیشنل کمانڈ ا ینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کا خطرہ تاحال ٹلا نہیں ہے، شہری کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لازمی لگوائیں۔
این سی او سی کا اجلاس منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا سے بچاو کی مہم میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف عمر کے افراد کیلئے لازمی ویکسین لگوانے کے فیصلے پر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے تمام وفاقی اکائیوں پرزور دیا کہ وہ سستی سے گریز کریں کیونک خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔کورونا وبا کی موجودہ مستحکم صورتحال پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے فورم نے غیر طبی طریقہ علاج کے بارے میں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنے پر لوگوں کو سراہا جس سے انفرادی اور مجموعی تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے میں مدد ملی،
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز انتہائی اہم ہے، شہری کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لازمی لگوائیں، ملکی آبادی کی قوت مدافعت میں اضافے کیلئے دوسری ڈوزضروری ہے۔اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کورونا پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر شہریوں کی تعریف کی اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔
این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس نے زندگیاں داپرلگاکرڈیوٹی کی، کورونا کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے بے شمار انسانی زندگیاں بچائی۔