طلباء کی بہتر تعلیم ہی پاکستان کا بہتر مستقبل ہے، علی امین خان گنڈہ پور


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پورنے کہا ہے کہ طلباء کی بہتر تعلیم ہی پاکستان کا بہتر مستقبل ہے، ہمارے بچے قوم کا مستقبل ہیں ہمیں دینی اور دنیاوی دونوں تعلیم حاصل کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ریاست مدینہ کا نظریہ ہے کہ اس ملک سے کرپشن ختم ہو اس ملک میں غریب کو انصاف ملے، افسوس کہ آج ہم ایک قوم نہیں بن سکے دشمن ہمارے خلاف ہر طرح سے متحرک ہے، اگر رشوت دینا بند کردی جائے تو رشوت لینے والے ختم ہوجائینگے۔ ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا چاہیے۔ جہاں بھی ظلم ہو اس پر آواز اٹھانی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار  الکوثر سکول اینڈ کالج کی افتتاحی تقریب اور جشن صادقین کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں الکوثر سکول اینڈ کالج کے چیف ایگزیکٹو علامہ محمد رمضان توقیر،پرنسپل سید مرتضی شیرازی،مولانا قاری سراج احمد خلیل، مولانا طاہر نجفی،ندیم بلوچ ایڈوکیٹ،مولانا کاظم حسین مطہری،سید انصار علی زیدی کے علاوہ مختلف سکولز اینڈ کالجز کے اساتذہ و طلبا، میڈیا نمائندوں کے علاوہ ڈیرہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔

تقریب سے علامہ محمد رمضان توقیر،مولانا سراج احمد خلیل ،پرنسپل سید مرتضیٰ شیرازی نے بھی خطاب کیا ۔ سکول، کالجز کے طالبات بچوں اور نعت خوانوں نے نعتیں و منقبیں پیش کی۔مہمان خصوصی کو چیف ایگزیکٹو علامہ محمد رمضان توقیر نے قرآن مجید کا تحفہ دیا الکوثر سکول اینڈ کالج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈہ پور، چیف ایگزیکٹو علامہ محمد رمضان توقیر،مولانا سراج احمد خلیل،پرنسپل سید مرتضیٰ شیرازی اور دیگر معززین نے افتتاحی فیتہ کاٹا ۔