ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنفی مساوات ناگزیر ہے، اسد قیصر


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنفی مساوات ناگزیر ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، آرٹیکل 25 کے مطابق خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں برابر نمائندگی دینا ضروری ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو غربت، افلاس اور بھوک سے محفوظ بنانے کے لیے خواتین کو ہر شعبے میں برابر نمائندگی دینی ہو گی۔

اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں خواتین کی معاشی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے ہونگے، ایک پڑھی لکھی خاتون ہی اپنے خاندان کی صحیح معنوں میں اچھی تربیت کر سکتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم سب کو اپنے معاشرے میں بسنے والی خواتین کے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے، پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین پارلیمنٹرین خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قانون سازی کے عمل میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، موجودہ پارلیمنٹ خواتین کو بااختیار بنانے اور قانون سازی کے عمل میں ان کی شرکت کو یقینی بنانے پرعمل پیرا ہے۔