پورے برصغیر اور دبئی سے بھی سستا تیل پاکستان میں ہے، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے برصغیرمیں بلکہ دبئی سے بھی سستا تیل پاکستان میں ہے ، ہم نے مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی ، قوم ٹیکس نہ دیتی تو پٹرول اور بجلی پر سبسڈی نہ دے پاتے،جیسے جیسے ٹیکس بڑھے گا مزید مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کو اوپر لائیں گے،غذائی قلت بھی بہت بڑا چیلنج ہے، ماضی میں کسی نے غذائی قلت پر توجہ نہیں دی، احساس پروگرام سے خواتین کو  بااختیار بنانا ہے، جب تک خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہوں گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔اسلام آباد میں احساس راشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 98 فیصد پیسہ عورتوں کے ہاتھ میں دیا جاتا ہے تاکہ عورتیں بچوں کی تعلیم سمیت دیگر معاملات کو چلا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام سے خواتین کو بااختیار بنانا ہے، جب تک خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہوں گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ورلڈ بینک نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا احساس پروگرام دنیا کا بہترین منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رواں ماہ کے آخر تک سندھ کے علاوہ ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، جس کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جاسکے گا۔ احساس رعایت راشن اسکیم کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو کریانہ اسٹور سے جاکر آٹا، گھی اور دالوں پر 30فیصد ماہانہ رعایت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کا درد رکھنے والا ہی فلاحی کام کرسکتا ہے، محروم طبقوں کی بہبود ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست مدینہ میں پیسہ نچلے طبقے پر خرچ کیا جاتا تھا، قانون کی بالادستی قائم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، کورونا کے بعد ہماری معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہوئی، دیہاڑی دار مزدور کو لاک ڈائون سے زیادہ نقصان پہنچا، خواتین کو تعلیم ملنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیکس بڑھنے پر کمزور طبقے پر پوری توجہ دی جائے گی، مدینہ کی ریاست میں ٹیکس کا پیسہ کمزور طبقے پر لگایا جاتا تھا، چاہتے ہیں مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، غذائی قلت بھی بہت بڑا چیلنج ہے، ماضی میں کسی نے غذائی قلت پر توجہ نہیں دی۔ عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ ہماری حکومت کا بہت بڑا پراجیکٹ ہے، سوائے سندھ کے پاکستان کے ہر خاندان کو اس ماہ کے آخر تک صحت کارڈ مل جائے گا، یہ کارڈ کسی بھی اسپتال میں چل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب گھرانے میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ وہ پرائیوٹ اسپتال میں علاج کراسکے گا، مجھے ڈاکٹر نے فون کرکے بتایا کہ پہلی مرتبہ صحت کارڈ پر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے، امیر ترین ملکوں میں بھی مفت ہیلتھ انشورنس نہیں ملتی لیکن صحت کارڈ دینے کا مقصدیہی ہے کہ ہمارا ملک مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنے۔

عمران خان نے کہاکہ پاکستان کا ٹیکس بڑھ رہا ہے اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا ہے، اگر ٹیکس نہ ہوتا تو بجلی، پیٹرول اور ڈیزل پر چھوٹ نہیں دے سکتے تھے، اس لیے جیسے جیسے ٹیکس بڑھے گا ہماری کوشش ہوگی کہ نچلے طبقے کو اوپر لائیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر ہے لیکن پاکستان اب بھی دنیا میں سستا ترین ملک ہے، دبئی میں تیل ان کی اپنی زمین سے نکلتا ہے مگر پاکستان میں ڈیزل اور پیٹرول دبئی سے سستا فروخت ہورہا ہے، سارے برصغیر میں سب سے سستا تیل پاکستان میں ہے، ہم نے یہ اس لیے سستا کیا کیونکہ تیل مہنگا  ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی۔وزیراعظم نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں جیسے ہی ٹیکس مزید بڑھے گا ہماری کوشش ہوگی کہ مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کی مدد کریں۔