سابق صدر جسٹس (ر)محمد رفیق تارڑ انتقال کر گئے

لاہور /اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان کے سابق صدر جسٹس (ر)محمد رفیق تارڑ92برس کی عمر انتقال کر گئے۔ سابق صدر کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔محمد رفیق تارڑ کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔محمد رفیق تارڑ کو دل کا دورہ پڑا اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ ایڈووکیٹ کی جانب سے ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا کہ میرے دادا جان محمد رفیق تارڑ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

محمد رفیق تارڑنے یکم جنوری1998کو پاکستان کے نویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ محمد رفیق تارڑ کو سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے صدر کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ محمد رفیق تارڑ نے 20جون2001تک بطور صدر پاکستان ذمہ داریاں انجام دیں۔

محمد رفیق تارڑ 2 نومبر1929کو پیر کوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔جسٹس محمد رفیق تارڑ نے 1989سے1991تک لاہور ہائی کورٹ کے 28ویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ محمد رفیق تارڑ نے 1991سے1994تک بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان خدمات انجام دیں جبکہ محمد رفیق تارڑ نے بطور سینیٹر بھی خدمات انجام دیں۔ محمد رفیق تارڑ کے صاحبزادے محمد افضل تارڑ رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ ان کی بہو سائرہ افضل تارڑ بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکی ہیں اور بطور وفاقی وزیر صحت خدمات انجام دے چکی ہیں.

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے پیر کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔

ہمارے لئے وہ ایک قابل احترام بزرگ کا درجہ رکھتے تھے جنہوں نے ہر مرحلے پر نہ صرف ہماری مخلصانہ رہنمائی فرمائی بلکہ اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار اد ا کیا۔ ان کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی۔ اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

 نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ سابق صدر ، جج اور ہمارے بزرگ محترم رفیق تارڑاللہ تعالی کو پیارے ہوگئے۔ اسلام اور مشرقی اقدار کا پیکر، چھوٹوں پر شفقت اوربڑوں کا ادب ان کی شخصیت کا خاصہ تھا۔ بہت ملنسار، شفیق اور شگفتہ شخصیت کے مالک تھے۔ان کی علم ودانش ، تاریخ ، قانون ا ورسیاست کے امور پر گہری دسترس سے ہمیشہ سب نے فیض پایا۔ نظریہ پاکستان کی سوچ کا تمام عمر پرچار کرتے رہے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔