بلاول بھٹو اس ملک کا لیڈر بننا چاہتے ہیں جس کی انہیں زبان تک نہیں آتی، شہباز گل


اسلام آباد(صباح نیوز) معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگل نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اس ملک کا لیڈر بننا چاہتے ہیں جس کی انہیں زبان تک نہیں آتی۔

ڈاکٹر شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دو سیاسی جماعتیں کہہ رہی ہیں عمران حکومت گرانے جا رہے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ عمران حکومت اب 2 سے تین روز میں جانے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے یہ لوگ چھپ کر خریدو فروخت کرتے تھے اب سینہ تان کر کہتے ہیں کہ ہم نے اتنے بندے خرید لیے، بھٹو صاحب نے آئین دیا لیکن دوسرے ہی دن کہا کہ یہ استعمال نہیں کرنا۔

شہبازگل نے کہا ہے کہ ماضی میں چھپ کر چھانگامانگا میں خرید وفروخت کی سیاست کی گئی، بلاول بھٹو اس ملک کا لیڈر بننا چاہتے ہیں جس ملک کی انہیں زبان تک نہیں آتی، یہ کس قدر نالائق بچہ ہے جو 10سال سے اردو سیکھ رہا ہے اور آج تک نہیں سیکھ سکا۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ نے کہا کہ ہم نے 5ویں چھٹی جماعت میں انگریزی سیدھی کرلی تھی اور یہ آج تک اردو نہیں سیکھ سکا، بلاول کو لیڈر بعد میں بنا لیجیے گا پہلے اسے اردو سکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کوغیروں کی جنگ میں جھونک دیا گیا، ماضی کی حکومتوں میں غریب عوام ڈرون حملوں میں مارے جاتے تھے، عمران خان نے آپ کو وہ کچھ دیا ہے جو گزشتہ 13 سالوں میں نہیں ملا۔

شہبازگل نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر پر کبھی بات نہیں کی گئی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 150ارب ڈالر کا معیشت کو نقصان ہوا، پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے متعلق گزشتہ 4 ماہ سے کام کررہے تھے۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ نے کہا کہ 70 سال بعد ایسا وزیراعظم آیا ہے جو کہتا ہے کہ پاکستان کا فیصلہ پاکستان میں ہوگا، پی ٹی آئی کا سندھ میں مارچ نکالنے کا مقصد سندھ حکومت کے کارنامے بتانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کے عوام کو جوابدہ ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی بتائے ٹرانسپورٹ اور پانی کے کون سے منصوبے دیئے۔