اسلام آباد(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور نے پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدارمیں واقع مسجد کے اندر خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے دہشت گردوں نے ایک بار پھر پشاور کو خون میں نہلا دیااور قصہ خوانی بازار کا کوچہ رسالدار کوچہ مقتول بن گیا
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ دھماکے کی خبر سنتے ہی الخدمت کے درجنوں رضا کارایمبولینسز سمیت مدد کو پہنچ گئے، 56 معصوم لاشیں گریں اور 200کے قریب شدید زخمی ہوئے جنہیں پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک تھی
محمد عبد الشکور نے کہا کہ الخدمت کے رضاکاروں نے لاشوں کے بکھرے ٹکڑے سنبھالے اور پھر احترام سے تابوتوں میں رکھ کر لواحقین کے گھروں تک پہنچانے کے مشکل کام میں لگ گئے
انہوں نے کہا کہ یہ سارے ضاکار ہمارے شکریے اور قدر دانی کے مستحق ہیں کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اللہ کی مخلوق کی خدمت اور اپنا فرض نبھانے پہنچ جاتے ہیں۔اے اللہ پاکستان کی حفاظت فرما، مرنے والوں سے راضی ہوجا اور اِن جانثار رضاکاروں کو بہترین اجر سے نواز۔