پاور پلانٹ میں آتشزدگی، یوکرینی صدر نے ویڈیو جاری کردی


کیف(صباح نیوز)یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے ملک کے ایک اہم جوہری پلانٹ میں روسی شیلنگ کے نتیجے میں آتشزدگی کی ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کردی۔

یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے کہا کہ کہ روس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹوں پر گولہ باری نہیں کی ہے۔یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے نے اس خدشات کو جنم دیا ہے کہ تباہ شدہ پاور اسٹیشن سے تابکاری کا اخراج ہو سکتا ہے۔

زیلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹس پر گولہ باری نہیں کی، یہ ہماری تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، دہشت گرد ریاست نے اب جوہری دہشت گردی کا سہارا لیا۔

دوسری جانب شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ شیلنگ سے ملک کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی ہے، پلانٹ خطرات کا شکار ہوگیا ۔

یوکرینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری پلانٹ میں دھماکا ہوا تو چرنوبل سے10 گنا زیادہ تباہی ہوگی ۔

علاوہ ازیں یوکرینی حکومت نے شہریوں سے گوریلا جنگ کا آغاز کرنے کی اپیل کردی ۔

یوکرینی صدر کے مشیر نے لوگوں کو کہا ہے کہ روس کے پچھلے دستے کمزور ہیں، اگر ہم ان کو بلاک کر دیں تو یہ جنگ جیت سکتے ہیں۔ جس کے لیے عوام درخت کاٹیں اور روسی فوج کے دستوں کو تباہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ روسی فوج کا راستہ روکنے کے لیے عوام ریلیاں نکالیں اور جیسے بھی ممکن ہو رکاوٹیں کھڑی کریں۔