سندھ کے حالات کی بہتری کیلئے عوام کی نظریں عمران خان پر لگی ہیں،اسد عمر


جیکب آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن کی جانب سے گذشتہ تین سال سے حکومت گرانے کی باتیں سن رہے ہیں، یہ ان کے دل کی خواہش ہے، کبھی وہ اسمبلی میں حکومت گرا رہے ہوتے ہیں اور کبھی سڑکوں پر آکر حکومت گرارہے ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میں لات مار کر حکومت گرادوں گااس کے بعد ان کے پاؤں میں موچ آگئی تھی اور ہم نے چھ ماہ تک ان کی دوبارہ آواز نہیں سنی، ہونا کچھ بھی نہیں، 172ووٹ انہوں نے اسمبلی کے اندر لے کرآنے ہیں اورآج تک یہ اسمبلی میں154یا155سے زیادہ ووٹ نہیں دکھا سکے۔ باقی ووٹوں کا شاید کسی امدادی، دعاؤں اورگنڈے تعویز کے اوپر انحصار کررہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار اسد عمر نے جیکب آباد میں سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔اسد عمر نے کہا کہ پورے سند ھ کے اندر صحت کا نظام مفلوج ہوا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے جو حکمران ہیں ان کو اگر کھانسی بھی آتی ہے تو یہ علاج کرانے لندن اور امریکہ چلے جاتے ہیں۔سندھ میں تعلیم کے حالات خراب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو روز سے پی ٹی آئی کا مارچ شروع ہوا ہے اور جہاں ، جہاں سے پی ٹی آئی کا قافلہ گزر رہا ہے لوگ نکل کرآرہے ہیں اورپذیرائی کررہے ہیں، سندھ کے عوام کے اندر ایک خواہش ہے اور وہ بھی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں،وہ بھی چاہتے ہیں کہ جس طرح باقی پاکستان میں بہتری نظرآرہی ہے اسی طرح سندھ کے اندر بھی حالات بہتر ہوں،اسی لئے ان کی نظریں عمران خان پر لگی ہوئی اور وہ عمران خان کا پیغام سننے کے لئے آرہے ہیں۔ جب پی ٹی آئی کا مارچ ختم ہو گا تو لوگوں میں ایک نیا جذبہ نظرآئے گا اور ایک امید نظر آئے گی کیونکہ14سال سندھ کے عوام کے ساتھ جو پیپلز کرتی رہی ہے اس کی وجہ سے لوگوں کے اندر امید ختم ہوئی ، ہوئی ہے، سندھ کے عوام نئے ولولے کے ساتھ اٹھیں گے اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کریں گے۔

  انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں امن وامان بہت خراب ہے، دھڑیل گھوم رہے ہیں اور ایسی صورتحال ہے کہ رات کو شریف آدمی سفر کرتے ہوئے ڈرتا ہے، امن وامان بالکل بریک ڈائون ہو گئی ہے۔ پولیس کا نظام سارا سندھ حکومت کے ہاتھ میں ہے شاید ساری جو مجرمانہ کارروائی ہورہی ہے اس کا کچھ حصہ ان کے پاس بھی پہنچتا ہے اس لئے کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس وزیر اعظم عمران خان نے سندھ کے لئے440ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا اس کے اندر کئی منصوبے تھے اور ان میں قلیل المدت کے کئی منصوبے مکمل بھی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے آخر تک سکھر، حیدرآباد موٹروے جو کہ200ارب روپے کا منصوبہ ہے اس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کرنے آئیں گے، یہ سندھ کے اندرسب سے بڑا منصوبہ ہے اورایک ماہ کے اندر اس کا افتتاح ہو گا۔