کراچی ‘مالک مکان نے بیوہ خاتون کے 2 بچوں کو زندہ جلا دیا


کراچی(صباح نیوز) کراچی میں مالک مکان نے مکان خالی نہ کرنے پر مبینہ طور پر بیوہ خاتون کے کے 2 بچوں کو آگ لگا دی، دونوں بچے دم توڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے سہراب گوٹھ کے علاقے جنت گل ٹاؤن میں اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں مکان خالی نہ کرنے پر مبینہ طور پر بیوہ خاتون کے 2 بچوں کو آگ لگادی گئی۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ میرے بچے بسوں میں پانی فروخت کرتے تھے، مالک مکان نے پچھلے مہینے گھر خالی کرنے کا کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ مالک مکان نے مجھے بہانے سے ایک گھر دیکھنے کے لیے بھیجا، میں جیسے ہی گئی پیچھے سے بچوں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی۔

خاتون کے مطابق وہ بچوں کو سول اسپتال لے گئیں جہاں دونوں دم توڑ گئے، ایک بچے کی نعش ایدھی سرد خانے میں موجود ہے۔دوسرے بچے کی نعش کے ساتھ خاتون نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ گزشتہ روزرونما ہوا تھا، کسی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔