وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کیڈٹ کالج کوہاٹ کیلئے 100 ملین روپے گرانٹ کا اعلان


کوہاٹ (صباح نیوز)وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کیلئے 100 ملین روپے گرانٹ کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے کا فروع شروع دن ہی سے پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں برسر اقتدار آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی نافذ کردی، تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تعلیم کے شعبے کو مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں تعلیم کے شعبے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، عوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بحال ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نوجوانوں کی پارٹی ہے اور ہمیشہ نوجوانوں کا سوچتی ہے، صوبائی حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز سیکھانے کے لئے 5 ارب روپے کا پروگرام شروع کررہی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں شارٹ کورسز کروائے جائیں گے، ان شارٹ کورسز کے نتیجے میں نوجوان ڈیجیٹل مارکیٹ میں ملازمتیں حاصل کر سکیں گے۔محمود خان نے کہا کہ خواہشمند نوجوانوں کو چینی زبان سیکھانے کے لئے  صوبے میں دو مراکز قائم کئے گئے ہیں، گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ نے انتہائی کم وقت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ کیڈٹس کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کی اخلاقی اور جسمانی تربیت کے لئے ادارے کا کردار انتہائی تسلی بخش ہے، کیڈٹس اپنے والدین اور قوم  کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے لگن اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج کے لئے 100 ملین روپے گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں، ادارے کی مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔