یوکرائن میں  170کشمیری طلباء پھنس کے رہ گئے


سرینگر:یوکرائن کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء دیگر 20ہزار سے زائد بھارتی شہریوں سمیت خوف کے سائے میں ہیں۔روس کی جانب سے یوکر ائن پر فوجی آپریشن کے اعلان کے نتیجے میں 170کے قریب کشمیری طلباء  یوکرین میں دوسرے روز بھی پھنسے رہے۔ابھی تک 50طلباء کے بارے میں مکمل تفصیلات بھارتی وزارت خارجہ کو لیفٹیننٹ گورنر آفس کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔یوکرین سے کچھ طلباء  نے  فون پر بتایا کہ حالات انتہائی کشیدہ ہیں ،انہیں یہ سمجھ نہیں آرہی ہے کہ وہ کدھر جائیں ،کوئی تو اْن کی مدد کیلئے سامنے آئے۔

یوکرین کے پروفیشنل اور نان پروفیشنل کالجوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء نے دوسرے روز بھی سوشل میڈیا پر اپنی روئیداد بیان کی۔انہوں نے کہا کہ یوکرین میں کشمیر کے بیسوں لڑکے پریشان ہیں، جن کا آپس میںوٹس ایپ کے ذریعے رابطہ ہے لیکن وہ کیسے آئیں اس کیلئے انہیں کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

انسٹی چیوٹ آف میڈسن اینڈ بائیو میڈکل سائنس میں زیر تعلیم سلر پہلگام سے تعلق رکھنے والے ثقلین علی نے دوسرے روز بھی فون پر بتایا کہ یوکرین میں دوسرے روز بھی حالات کشیدہ رہے اور روسی فوج نے تمام سرحوں پر قبضہ کر لیا ہے اور کئی ایک جگہوں سے اندر بھی داخل ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو روز سے ہر گھنٹے ا علان ہوتا ہے ،کہ یا تو مکان کی نچی منزلوں میں رہیں یا پھر بینکروں میں چلے جائیں ‘

انکا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن سرحدیں بند ہیں اور ائر پورٹ بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ یوکرین میں پھنسے کشمیری طلباء کے والدین نے اپنے بچوں کی تفصیلات کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر آفس کو  آگاہ کرنا شروع کردیا ہے۔ ابھی تک 170طلباء کی جانکاری موصول ہوئی ہے جن میں سے 50کے بارے میں مکمل تفصیلات جمع کی گئی ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ نے سبھی بھارتی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ  یوکرین میں پھنسے بھارتیوں کے بارے میں تفصیلات جمع کرائیں۔اس ضمن میں نئی دہلی میں مقیم یوکرین کے سفیر کو بھی جانکاری دی گئی ہے۔ادھر جموں وکشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے یوکرین میںپھنسے ہوئے کشمیری طلباء  کیلئے ٹول فری نمبرجاری کیا۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ پھنسے ہوئے طلباء  ٹول فری نمبر 18008919650 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے پریشانی میں مبتلا طلباء کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی قائم کیے ہیں اور طلباء سے رابطہ کرنے کو کہا ہے۔ ان کے ہیلپ لائن نمبرزـ 9149676014، 790634 8764، 8825005327، 7006228608 ہیں۔طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطہ خاندانی رابطہ موجودہ پتہ اور فون نمبرات ان پر درج کرائیں۔۔۔