دہشتگردوں کے علاج کا کیس، وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری


کراچی(صباح نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے کراچی کے نجی ہسپتال میں دہشت گردوں کے علاج و معالجے سے متعلق کیس میں سابق میئر وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔

نجی ہسپتال میں مبینہ طور پر دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔

دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان پر2015 میں تھانہ نارتھ ناظم آباد میں مقدمہ درج ہے۔وسیم اختر کے وکیل کی جانب سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تاہم عدالت نے وسیم اختر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اب وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔ عدالت نے وسیم اختر کو گرفتار کر کے 12 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔