کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 200 یتیم بچوں کیلئے آغوش الخدمت ہالہ کا افتتاح کر دیا گیا


مٹیاری(صباح  نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 200 یتیم بچوں کے اقامتی ادارے آغوش ہالا کا افتتاح کر دیا گیا۔

اس حوالے سے حیدرآباد سے 50 کلومیٹر دورمرکزی قومی شاہراہ پر بھٹ شاہ سے چند منٹ کے فاصلے ہالا ضلع مٹیاری میں ایک پر وقار افتتاحی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکوراور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے آغوش سینٹر کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبد الشکور نے کہا کہ آغوش ہالا یتیم بچوں کے لیے شاہکار عمارت کی تعمیر الخدمت کی خدمت انسانیت کے لیے بہترین مثا ل ہے،جس میں 200 ذہین یتیم بچوں کو بہترین تعلیمی اور بورڈنگ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔الخدمت کے تحت  اس وقت ترکی (غازی انطب میں یتیم شامی بچوں کے لئے) سمیت ملک بھر میں 18 آغوش ہومز فعال ہیں جن میں 1,414بچوں کو رہائش، تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی بنیادی معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔لاہور، گلگت بلتستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور بونیر کے منصوبوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم ملکر یتیم بچوں کی فلاح وبہود کے لیے کام کرنا ہے۔ تقریب میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص،نیشنل ڈائریکٹر الخدمت سماجی خدمات پروگرام عامر محمود چیمہ،صدر الخدمت  سندھ ڈاکٹر تبسم جعفری،سینئر مینجر الخدمت میڈیااینڈ پبلک ریلیشنز شعیب ہاشمی،نائب صدر سندھ آبادگار بورڈ سید ندیم احمد شاہ جاموٹ، ہالا کی سول سوسا ئٹی، شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے دیگر مہمانان نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں شیلڈز اور اجرک بھی تقسیم کی گئیں اور انہیں آغوش کا دورہ بھی کرایا گیا۔مہمانوں نے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الخدمت کی یتیم بچوں کے لئے کی جاری کاوشوں کو سراہا۔