وزیر اعظم سے پہلے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے، خورشید شاہ


سکھر(صبا ح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے کردار کو گھناونا قرار دیتے ہوئے تجویز دی ہے کہ وزیر اعظم سے پہلے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔

سکھر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اس وقت جب یوکرین پر حملہ کیا جارہا ہے ایسے میں روس کا دورہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔وزیراعظم کے دورہ روس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا میں تاثر جائے گا کہ اس حملے میں ہم بھی شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان یا مسلم لیگ (ق) کی تحریک عدم اعتماد میں ساتھ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ عمران خان کی موجودگی میں بھی تحریک انصاف میں ایسے لوگ شامل ہیں جو محب وطن ہیں اور پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت کی جارہی ہے کہ پی پی پی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ کے دوران عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے تاہم فیصلہ ایک دو روز میں عوام کے سامنے آجائے گا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ مہنگائی کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کے مطابق ساڑھے تین سال میں ملک میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرینڈلی اپوزیشن کے طعنے ملنے کے باوجود ہم نے اس حکومت کو کام کرنے دیا مگر اس نے ملک کا جو حشر کر دیا ہے و ہ سب کیسامنے ہے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے بعد جلسہ ہو گا، جہاں مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کے درمیان رابطے جاری رہنے چاہئیں اور ریاست پر جب بات آئے تو عمران خان سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ ریاست کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید آج کل خاموش ہیں لیکن ان کے لیے کچھ بول کر اس کا مخالف نہیں بننا چاہتا۔