حکمرانوں کی مفاد پرستانہ وغلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک معاشی وسیاسی طور بحرانوں کی زد میں ہے،محمد حسین محنتی


کراچی ( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مفاد پرستانہ وغلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک معاشی وسیاسی طور بحرانوں کی زد میں ہے، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، کشکول توڑنے کے دعویدار حکمرانوںنے رکارڈ بیرنی قرضے لیکر ملک کے بچے بچے کو مقروض بنادیا ہے، مہنگائی ،سودی نظام اور بے روزگاری کی خلاف سکھر میں سراج الحق کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، یوکرین پر حملہ کے وقت وزیراعظم عمران خان کا روسی دورے سے دنیا کو غلط پیغام جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے کے بعد عملی طور پر ملک سامراج کے قبضے میں ہے، بجلی، گیس، پٹرول اور آٹے دال چینی چاول کے نرخ بھی ہم اپنی مرضی کی بجائے ان ہی کی ڈکٹیشن پر مقررکررہے ہیں ،روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں روزانہ اضافے سے عام آدمی کا سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ہے، جماعت اسلامی پورے پاکستان میں عوام کو بیدار اور مہنگائی وسودی نظام کیخلاف 101دھرنے دے رہی ہے، آخری دہرنا اسلام آباد  میں ہوگا۔

صوبائی امیر نے کہا کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ سندھ بدامنی، اسٹریٹ کرائم ولاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، صحافی اطہر متین کا قتل امن وامان کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، سالانہ اربوں روپے امن امان کے نام پر بجٹ رکھنے کے باوجود سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔