جماعت اسلامی خیبرپختونخوا غزہ بچاومہم میں ہراول دستے کاکردارادا کرے گی ۔عبدالواسع

 پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےآج سے غزہ بچاو مہم کااعلان کیا ہے جس کے تحت 11اپریل کو لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج سمیت ملک گیر احتجاج ھوگا۔13اپریل کوشاہراہ فیصل کراچی پر غزہ مارچ ہوگاجبکہ 20اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب مارچ ھوگا۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی ذمہ داران اور برادر تنظیمات کا اہم اجلاس طلب کیا جس میں غزہ بچاو مہم کے حوالے سے بھرپور منصوبہ بندی کی گئی اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری وسابق رکن قومی اسمبلی صابرحسین اعوان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سہیل بابرراہی سمیت برادر تنظیمات کے صوبائی وضلعی ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ 11اپریل کو صوبہ بھر میں غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں اجتماعات ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری انسانیت سوزمظالم پر حکومت پاکستان کو اپنا سفارتی کردار اداکرنے سمیت اس انتہائی اہم انسانی المیہ کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لئے جدوجہدکو تیزترکیاجائے گا۔اجلاس میں غزہ بچاو مہم کے سلسلے میں 20اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ میں صوبہ بھر سے عوام کی بھرپور شرکت کے لئے منصوبہ بندی کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا کہ اسرائیل نے امن معاہدے کے دوران اپنے قیدیوں کے رہائی کے ساتھ ہی غزہ اور فلسطین میں ایک بار پھر اچانک وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران ہزاروں بچوں،خواتین اور نہتے فلسطینی شہید کردیئے گئے ہیں۔ اسرائیل کی اس وحشیانہ بمباری اور انسانیت کو ملیامیٹ کرنے کی ظالمانہ اقدامات پر امریکہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے امریکہ ایک طرف دنیا کو انسانیت اور امن کا درس دیتا ہے جبکہ غزہ میں عملا امریکہ انسانیت کے قتل عام میں ملوث اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے متعلق ہماری حکومت پاکستان کی اسٹیٹ پالیسی جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح رح اور پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے وضح کی تھی وہ یہی تھی کہ اسرائیل ایک ناحائز ریاست ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے آج تک اسرائیل کی وجود کو تسلیم نہیں کیا ہے لہذا موجودہ حکومت بھی اس واضح اور دو ٹوک پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام عالم میں آواز اٹھائیں۔