مقبوضہ کشمیرمیں شدید برفباری،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے


سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں شدید برفباری سے روزمرہ زندگی بھی متاثر ہوئی ہے ۔ وادی  کے جنوبی و وسطی کشمیر میں سب سے زیادہ برفباری ہوئی جبکہ شمالی کشمیر کے تین اضلاع بارہمولہ، کپوارہ اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں کے بغیر میدانوں میں ہلکی برفباری کیساتھ ساتھ بارشیں ہوئیں۔برفباری کا سلسلہ بعد دوپہر تک جاری رہا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر رہی اور لوگ بھی گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔

انتظامیہ نے سڑکوں پر سنو کلیئرنس مشینیں دوڑائیں اور شہر میں کچھ جگہوں پر سول ڈیفنس سے وابستہ رضاکار بھی برف ہٹانے میں مصروف نظر آئے تاہم شہر سرینگر میں شام دیر گئے تھے اندرونی سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی تھی۔پلوامہ کے میدانی و بالائی علاقوں میں ایک فٹ سے بھی زیادہ برف باری ہوئی جس کی وجہ سے یہاں مختلف علاقوں میں تمام چھوٹی بڑی رابطہ سڑکیں بندہوئیں جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور رہے۔ترال کے پاری بل اور ہردمیر دیہات میں شدید برف باری کے نتیجے میں 2 مکانوں کو نقصان پہنچا ۔ایک رہائشی مکان مشتاق احمد شیخ ولد حبیب اللہ شیخ کا ہے تاہم دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہل خانہ کو بچایا گیا۔گلزار پورہ اونتی پورہ میں فاروق احمد شیخ کے مکان پر اخروٹ کا درخت گرآیا جس کے نتیجے میں مکان کو شدید نقصان پہنچا ،تاہم اہل خانہ بچ گئے۔

ادھر کاکہ پورہ پلوامہ میں برف باری کے نتیجے میں ایک ٹرین کی پٹری کو نقصان ہوا۔ا چھن پلوامہ میں عارفہ بانو زوجہ محمد شفیع ڈار نامی خاتون ایک شیڈ میں کھانا پکا رہی تھی تو اس دوران شیڈ برف باری کے نتیجے میںگر گیا جس کے نتیجے میں خاتون زخمی ہو گئی، زخمی خاتون کو بعد میں سڑک کے بحال ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔کیمو ہ،یاری پورہ ،فرصل ،کولگام اور پہلو میں 1 سے ڈیڑھ فٹ برف ریکارڑ کی گئی، جبکہ بالائی علاقوں جن میں وٹو اہربل، دنیو کنڈی مرگ، دمحال ہانجی پورہ، ولٹنگو کنڈ ،مندی مرگ ،باڑجہلن جیسے علاقوں میں 2سے3 فٹ برف جمع ہو گئی۔

کولگام کے ٹنگمرگ اہر بل میں محمد اقبال شیح کے مکان کو برف باری کی وجہ سے نقصان پہنچا جس کے بعد مکان میں موجود 6افراد خانہ کو بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ،انتظامیہ نے کنبوں کو ضروری ساز سامان فراہم کیا ہے۔شوپیاں کے بالائی علاقوں میں تین فٹ جبکہ میدانی علاقوں میں 2فٹ برف جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی۔اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں ڈیڑھ سے 2فٹ برف جمع ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ایک فٹ برف پڑی۔کاڑی پورہ اننت ناگ میں چنار کی ایک بھاری ٹہنی گرنے کے نتیجے میں اینڈیور گاڑی زیر PP29F/0474کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وسطیٰ اضلاع سرینگر، گاندربل اور بڈگام میں میدانی علاقوں میں ہلکی بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی۔  گاندربل  ٹاؤن میں 4 سے 5انچ جبکہ ملحقہ علاقہ شالہ بگ ،ڑھندنہ،کورگ ،تولہ مولہ ،صفاپورہ،بٹہ وینہ ،واکورہ سمیت دیگر علاقوں میں 7 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی۔ لار ،ولی وار، چانتھن ،چونٹھ ولی وار میں 1 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی۔گوٹلی باغ،اندرون ،آرہامہ اور یارمقام چھترگل سمیت ملحقہ علاقوں میں ڈیڑھ فٹ سے زائد برفباری ہوئی۔ زوجیلا، دراس منی مرگ ،گومری ،مٹاین ،پاندراس، سونہ مرگ، گگن گیر، کلن ،گنڈ ،کنگن ، میں دوسرے روز بھی بھاری برفباری کا سلسلہ جاری رہاجبکہ سونہ مرگ شاہراہ پر ٹریفک کی ا?مدورفت بھی متاثر رہی۔

دراس میں 2 فٹ، زوجیلا 3فٹ، سونہ مرگ 2فٹ ،گگن گیر کلن 1 فٹ گنڈ 10انچ اور کنگن میں6  انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔بڈگام ٹاؤن اور اس سے ملحقہ علاقوں، بیروہ،ماگام ،نارہ بل ،بی کے پورہ میں 7 انچ برفباری ہوئی جبکہ بالائی علاقوں پکھرپورہ، یوسمرگ میں 2فٹ سے زائد برفباری ہوئی, چرار شریف میں ڈیڑھ فٹ، خانصاحب میں 1 فٹ، چاڈورہ 1 فٹ جبکہ کھاگ میں ڈیڑھ فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گی۔ضلع کی متعدد رابطہ سڑکوں پر برف جمع ہونے سے ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی۔

سرینگر میں قریب ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی۔ شہر سرینگر میں بھاری برفباری سے معمولات درہم برہم ہوئے اور بعد دوپہر سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا البتہ رابطہ سڑکیں اور کالونیوں کی سڑکیںبند رہیں۔ادھر جھیل ڈل میں 6شکاروں کو نقصان پہنچا۔ یہ شکارے پانی میں ڈوب گئے تاہم اس دوران جانی نقصان نہیں ہوا۔ جہلم میں ایک ہاوس بوٹ میں ڈوب گیا۔کپواڑہ  ضلع کے بالائی علاقوں میں بدھ کو دوسرے روز بھی  ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔برف باری کے نتیجے میں کرناہ کپوارہ ، کیرن کپواڑہ اور مڑھل کپواڑہ سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔

سیاحتی مقام گلمرگ میں 2 فٹ بابا ریشی میں ڈیڑھ فٹ اور ٹنگمرگ میں 1 فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری کیساتھ ساتھ بارشیں ہوتی رہیں۔ بنہال سب ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں دو سے 4انچ برفباری ہوئی۔بھدرواہ اور کشتواڑ میں برفباری ہوئی ہے جبکہ ڈوڈہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی اطلاعات ہیں۔سرحدی ضلع پونچھ میں دن بھر مطلع ابر آلود رہا اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔راجوری میں بھی مطلع ابر آلود رہا اور تھوڑی سی بوندا باندی ہوئی۔

 مقبوضہ جموں وکشمیر میں شدید برفباری کے دوران چھ افراد  ہو گئے ہیں۔ لاپتہ ہونے والے افراد ضلع اسلام آباد سے مارگن ٹاپ کے راستے جموں خطے کے علاقے کشتواڑ میں اپنے گھر جارہے تھے۔

ضلع کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ لوگ اسلام آباد سے اپنے آبائی مقام دروان کشتواڑ کی طرف پیدل سفر کر رہے تھے تاہم وہ وہاں نہیں پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد اسلام آباد میں بطور مزدور کام کر رہے تھے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی تلاش شروع کر دی گئی۔