بنوں قومی جرگہ اتوار کو جماعت اسلامی کے دفتر میں منعقد ہوگا

پشاور(صباح نیوز)بنوں میں امن و امان کی بدترین صورتحال، عید سے چند روز قبل نوجوان طالب علم کے سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل کے بعد بننے والی صورتحال اور دیگر مسائل پر بنوں قومی جرگہ ( (6 اپریل)جماعت اسلامی کے دفتر میں منعقد ہوگا۔ بنوں قومی جرگہ کے مشران نے بنوں کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور علاقائی مشران کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی اور دعوت نامے دیے۔ 2 اپریل کو دارالعلوم الاسلامیہ بنوں میں ہونے والے اجلاس میں قومی جرگہ کے مشران نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور عمائدین کو دعوت نامے پہنچانے کے لیے وفد تشکیل دیا جس کی قیادت جماعت اسلامی خیبرپشتونخوا جنوبی کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کر رہے تھے۔

وفد میں شوکت ایاز خان، ملک نذیر خان، حاجی اختر علی شاہ، مفتی عارف اللہ، جلال شاہ ایڈووکیٹ، کفایت اللہ، صاحبزادہ محمد ادریس خان اور معصوم خان سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر پختون یار خان، ممبر قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ، ڈیڈک چیئرمین زاہد اللہ وزیر، اے این پی کے رہنما سابق سینیٹر باز محمد خان، شاہ محمد خان وزیر، ڈاکٹر پیر صاحب زمان مسلم لیگ ن، جمعیت علما اسلام کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک عدنان وزیر، ملک شیر علی باز خان، ملک نعیم خان میتھا خیل سمیت دیگر رہنماوں کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔ سیاسی رہنماوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے جرگے میں شرکت کی یقین دہائی کرائی۔

جماعت اسلامی خیبرپشتونخوا جنوبی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں قومی جرگہ 6 اپریل 2025 بروز اتوار صبح 9 بجے دفتر جماعت اسلامی بیرون ہوید گیٹ بنوں سٹی میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس جرگے میں بنوں کے امن و امان سمیت دیگر اہم مسائل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ امن زندگی ہے، امن ہوگا تو روزگار ہوگا، کاروبار ترقی کرے گا اور معاشرہ خوشحال ہوگا۔ امن صرف کسی ایک فرد یا طبقے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ ایک محفوظ اور پر امن بنوں کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بیان میں تمام باشعور شہریوں سے اپیل کی گئی کہ اس اہم جرگے میں اپنی شرکت یقینی بنائیں اور اپنی قیمتی رائے کا اظہار کرکے بنوں کے اجتماعی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں