پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے علمائے کرام اور مشائع عظام سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بے گناہ بچوں ،خواتین اور نہتے مسلمانوں کے بیرحمانہ انداز میں قتل عام کے خلاف منبر ومحراب سے صدائے حق بلند کریں اور قوم کے ہرفردکو اس ظلم عظیم کے خلاف آواز اٹھانے پر آمادہ کریں.
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع نے مرکز اسلامی پشاور میں جمعیت اتحادالعلما و المشائخ کے تحت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کی صدارت شیخ القرآن حضرت مولانا مسیح گل بخاری نے کی۔اجلاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری وسابق رکن قومی اسمبلی صابرحسین اعوان،نائب امیر مولانا ہدایت اللہ،ضلع پشاور کے صدر قاری سجاد علی اور مولانا سمیع الرحمن یوسفی سمیت صوبہ بھر سے جید علمائے کرام اور مشائخ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے خلاف 20اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب غزہ مارچ کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی اور اضلاع کو اہداف دیئے گئے۔عبدالواسع نے کہا کہ 11اپریل کو صوبہ بھر میں غزہ کے مظلومین کے ساتھ اظہاریکجہتی کیاجائیگاجبکہ13اپریل کو کراچی میں اور 20اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب غزہ مارچ ہوگا۔