پاکستان اسٹاک ایکسچینج، 100انڈیکس 1131پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 18ہزار 938پوائنٹس کی نئی بلند ی پر پہنچ گیا

کراچی (صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1131پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 18ہزار 938پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 131پوائنٹس یا 0.96فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 18ہزار 938پر بند ہوا، جو عید کی تعطیلات سے قبل ایک لاکھ 17ہزار 806 پر بند ہوا تھا۔

کے ایس ای-100 انڈیکس میں اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے، جب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 41 پیسے کا اعلان کیا ہے۔ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیکس میں اضافے کی وجہ وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرنا ہے۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صارفین اور صنعتوں کی مدد کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کے بعد انڈیکس اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔