اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کا سلسلہ جاری

غزہ (صباح نیوز)قابض اسرائیلی فوج نے امریکی اور مغربی مدد اور حمایت کے ساتھ غزہ میں فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔غزہ میں 16 دن قبل انتہا پسند اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کو توڑنے کے بعد دوبارہ فلسطینی نسل کشی شروع کررکھی ہے۔نسل کشی اور اجتماعی قتل عام، بمباری، تباہی اور مسلسل جارحیت ک کے علاوہ، قابض فوج غزہ کی پٹی کے مکینوں کو درپیش قحط کی بھیانک صورت حال پیدا ہورہی ہے۔ جیسے جیسے غزہ کا محاصرہ سخت ہو رہا ہے غزہ میں بھوک اور قحط کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ورلڈ فوڈ پروگرام نے زور دیا کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں اس کی حمایت کرنے والی تمام بیکریاں آٹے کی کمی کی وجہ سے بند ہو جائیں گی۔مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کا اندازہ ہے کہ محصور غزہ کی پٹی کے 2.4 ملین افراد میں سے 80 فیصد سے زیادہ افراد اپنی روزی روٹی اور روزمرہ زندگی کے لیے انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ کیمپ میں بے گھر افراد کی رہائش گاہانروا کی کلینک پر قابض اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں کم از کم دس شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔

جبالیہ کیمپ کے مرکز میں یو این آر ڈبلیو اے کے کلینک پر بمباری میں10 شہری شہید ہوئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ادھر وسطی خان یونس میں عبدالباری خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری سے 12 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ دواپریل 2025 کو رفح میں معراج کے ایک اور علاقے کے شمال میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوئے۔طبی ذرائع اور عینی شاہدین نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں، توپ خانے کی گولہ باری اور شہریوں اور نقل مکانی کرنے والے کیمپوں کو نشانہ بنانے والے گولہ باری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 42 سے زائد افراد شہید درجنوں زخمی ہوئے۔

قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی میں جاری فوجی آپریشن کے ایک حصے کے طور پر رفح شہر میں بڑے پیمانے پر دراندازی اور زمین جارحیت شروع کردی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ جارحیت رفح شہر میں 36 ویں جنگی ڈویژن کی تعیناتی کے بعد شروع کی گئی ۔ اسرائیلی فوج نے صبح سویرے رفح میں زمینی کارروائی شروع کی ہے۔

درجنوں محصور خاندانوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے شمال میں واقع خربہ العداس سے ان کا انخلا کریں۔دو ہفتے قبل جنگ بندی ختم ہونے کے بعد قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ پہلی بڑی زمینی دراندازی ہے۔جنوبی غزہ کی پٹی میں رات کے وقت بڑے پیمانے پر حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے رفح میں اپنی زمینی کارروائیوں کو بڑھانا شروع کیا، جس سے غزہ میں 36ویں ڈویژن شامل ہو گئی۔ قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی میں اپنی زمینی کارروائی میں توسیع کا اعلان کیا تاکہ سکیورٹی بفر زون کو وسعت دی جائے جسے وہ “دفاعی سکیورٹی زون کا نام دیتا ہے۔