لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکہ کی جانب سے درآمدی مال پر ٹیرف میں اضافہ پوری دنیا کی معیشت کیلئے تباہ کرے گا ،ایشیائی ممالک، مشرقِ وسطیٰ، برطانیہ و یورپی یونین کو امریکہ کی تجارتی جنگ کے مقابلہ میں مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے عوام کے ریلیف کے اقدامات کرنے ہونگے ۔ لیاقت بلوچ نے کراچی حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، گھارو کے تین روزہ دورہ میں عید ملن تقاریب سے خطاب کیا،حفیظ اللہ نیازی اور انعام اللہ نیازی سے ٹیلی فون پر ان کے بڑے بھائی سعید اللہ نیازی کے انتقال پر تعزیت کی، میڈیا نمائندگان اور معززین کے خصوصی پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور دیگر ممالک کا درآمدی مال پر ٹیکسوں اور ٹیرف میں اضافہ پوری دنیا کی معیشت کے لیے تباہ کرے گا، دنیا بھر کے انسان اس معاشی دہشت گردی سے متاثر ہونگے
،امریکہ روایتی جنگوں میں بھی تباہی مچانے کے باوجود ناکام ہوا، تجارتی جنگ میں بھی ناکامی امریکہ کا مقدر ہوگی ،ایشیائی ممالک، مشرقِ وسطیٰ، برطانیہ و یورپی یونین کو امریکہ کی تجارتی جنگ کے مقابلہ میں مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے عوام کے ریلیف کے اقدامات کرنے ہونگے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ کے عوام بدامنی، بدترین اور ظالمانہ اسلوبِ حکمرانی اور اپر سندھ کے عوام کچے کے ڈاکوئوں کے ہاتھوں غیرمحفوظ اور پریشان ہیں ،پی پی پی مسلسل اقتدار کے ذریعے کرپشن، لوٹ مار اور عوام پر وڈیروں کے ذریعے تسلط کو مضبوط کررہی ہے لیکن سندھ کے پانی اور نہروں کے مسئلہ نے پی پی پی کی منافقت اور عوام سے دھوکے بازی کو بے نقاب کردیا ہے ،عوام پر پی پی پی کے بدترین طرزِ حکمرانی بدنما چہرہ عیاں ہوگیا ہے ،سندھ میں پی پی پی کی ناکامی اور قوم پرستی کے زہر کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت بِلاتاخیر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے اور شکایات کا ازالہ کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ پانی کی تقسیم کے فارمولہ پر عملدرآمد کیا جائے، کسی بھی صوبے کے پانی کی چوری کا سدباب کیا جائے ،نہروں کا مسئلہ قومی سلامتی اور عوامی وحدت و یکجہتی کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے صرف اعلانات نہیں عملی اقدامات کریں ،کوئٹہ میں اعلان کے مطابق بلوچستان کے مسائل پر اسلام آباد میں قومی کانفرنس کا انعقاد بہت اہمیت اختیار کرگئی ، خیبرپختونخوا مین عوام کے تحفظ کے لیے وفاقی، صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی فورسز ایک پیج پر آئیں ۔لیاقت بلوچ نے سندھ کے نوجوانوں سے گھارو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست اور عوام دشمن مافیاز اپنی بقا کے لیے نوجوانوں کو مایوسی، منشیات کی لعنت اور قوم پرستی کے زہریلے ٹیکے لگارہے ہیں ،نوجوان بیدار ہیں اور ملک بھر کے نوجوان مفاد پرست مافیاز کے خلاف متحد اور متحرک ہوجائیں۔لیاقت بلوچ نے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور کسانوں کے مسائل خصوصا گندم کے کاشتکاروں کو درپیش ہولناک مسائل پر 07 اپریل کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہیں. پنجاب کی زراعت کی تباہی قومی معیشت کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے ،پنجاب حکومت کے زراعت کے لیے تمام اقدامات نمائشی اور تشہیری ہیں جبکہ گندم کا کاشتکار گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی انتہائی پریشان ہے ،گندم کی کاشت پر نقصانات دیگر تمام فصلات کو بری طرح متاثر کررہے ہیں ،زراعت کو تباہی سے بچانے کے لیے پنجاب کی تمام سیاسی قوتوں اور کسان تنظیموں کا مشترکہ لائحہ عمل بنانا ناگزیر ہوگیا ہے۔