نیپیداو(صباح نیوز)میانمار میں آنے والے ہولناک زلزلے میں اموات کی تعداد 3 ہزار85 تک پہنچ گئی،پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ میانمار کے حکام کے حوالے کردی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میانمار میں آنے والے ہولناک زلزلے میں 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ سیکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، میانمار میں 28 مارچ کو 7.7 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی تھی۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق میانمار میں زلزلہ متاثرین کیلئے پہلی امدادی کھیپ متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ینگون ایئرپورٹ پر 35 ٹن سامان حکام کے حوالے کیا گیا ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 70 ٹن امدادی سامان میانمار بھجوا جا رہا ہے۔میانمار میں پاکستانی سفیر نے ینگون کے وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام کو امداد حوالے کی جس پر ینگون کے وزیر اعلیٰ نے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔سامان میں تیار کھانا، کمبل، ترپالیں، خیمے اور دیگر اشیا شامل ہیں۔