میانمار (صباح نیوز)میانمارمیں زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2,886 ہو گئی، ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں،میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کو آئے چھٹا روز ہے اور اب بھی زلزلے کی تباہ کاریوں کی مکمل تصویر سامنے نہیں آسکی ہے۔میانمار کی فوجی حکومت کے مطابق 28مارچ کو آنے والے زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار 886ہو چکی ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں چار ہزار 639افراد زخمی جبکہ 373اب بھی لاپتہ ہیں۔2021ء سے میانمار میں فوجی حکومت قائم ہے جس کے باعث معلومات تک رسائی کافی مشکل ہے۔تمام مقامی ریڈیو، ٹیلی ویژن، پرنٹ اور آن لائن میڈیا پر ریاست کا کنٹرول ہے۔ انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندیاں عائد ہیں۔کئی علاقوں میں اب بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
زلزلے سے سب زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل منڈلے شہرہے جہاں کئی لوگ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ ان کے پیارے اب بھی ملبے سے زندہ نکل آئیں گے۔زلزلے کے بعد میانمار کی خانہ جنگی میں لڑنے والے باغی گروہوں نے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے تاہم فوجی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ باغیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں نہیں روکے گی۔