بدین (صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی نہر یا ڈیم پاکستان کی وحدت و سلامتی سے بالاتر نہیں۔ پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکہ اور منافقت کر رہی ہے ، وفاق اور اسٹیبلشمنٹ صوبوں کے حق حاکمیت کو نہ چھیڑے ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی بحران بدترین شکل اختیار کر گیا ہے۔ آئین و جمہوریت کی حفاظت ،معیشت کی بحالی ،دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے قومی قیادت کو اکٹھا ہونا پڑیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدین کے مقامی ہال میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ تقریب عید ملن سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ جس میں کارکنان کے علاوہ شہر کی سیاسی سماجی شخصیات اور صحافی برادری بھی شریک تھی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کوئی نہر یا ڈیم پاکستان کی وحدت و سلامتی سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔ صوبوں کے حق حاکمیت کو نہ چھیڑا جائے۔پانی کی تقسیم کے طے شدہ فارمولے پر ڈاکہ نہیں مارنا چاہئے۔صوبوں کے درمیان اعتماد کی بحالی اور کشیدگی کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔ کینال کے ایشوز پر پیپلزپارٹی اپنی شرمندگی مٹانے کے لیے احتجاج اور اپنے لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 14 اپریل کو اسلام آباد میں قومی کانفرنس جبکہ 20اپریل کو کے پی میں دہشتگردی کے خاتمے و قام امن کے لیے امن مارچ منعقد کرے گی جو امن کی بحالی کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہوگا ۔ مستقبل اسلام و قرآن وسنت کا ہے جماعت اسلامی ہی بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ایک دینی نظریاتی اور انقلابی جماعت ہے جس کی ہر کوشش و جدوجہد کا مرکز و محور اقامت دین اور رب کی رضا ہے۔ عوام پرامن اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ لیاقت بلوچ کامزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے ساتھ ہے اور کینالز کے مسئلہ پر سندھ بھر میں سرپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ نے کرپٹ اور نااہل سیاستدانوں کو ملک پر مسلط کر رکھا ہے جس کا نقصان ملک اور قوم کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ ملک ٹوٹ گیا۔ لیاقت بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ دنیا اسلام کی مجرمانہ خاموشی کے باوجود بہادر فلسطینی عوام نے دنیا کی طاقتور اسرائیلی اور امریکی افواج کو جھکنے اور مذاکرات پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا امریکی صدر کی آمرانہ پالیسی اور سوچ دنیا کو ایک خطرناک جنگ میں دھکیل دے گی۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی، الطاف احمد ملاح ، امیر ضلع سید علی مردان شاہ، جنرل سیکریٹری عبد الکریم بلیدی نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، سابق ضلعی امرا سید دائود شاہ گیلانی ، پیر سید علی احمد شاہ، استاد محمد حسن بلیدی، مولانا غلام رسول احمدانی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ پنڈال پہنچنے پر نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے مرکزی رہنما کا استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا ۔
لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب سے زرداری راج آیا ہے سندھ کی اجرک کا رنگ بھی کچا ہوگیا ہے۔نامعلوم کس چیز نے اس کو عید کے دن اپنے آبائی شہر نواب شاہ کے لوگوں سے دورکرکے کراچی پہنچنے پر مجبور کیا ہے۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح نے کہاکہ پانی سے لیکر ڈاکو راج تک جماعت اسلامی سندھ ہر ظلم کے خلاف میدان عمل میں ہے۔ دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکے کے خلاف کراچی سے میرپورخاص تک روڈ کارواں نکال کر عوام کو شعور دیں گے۔ امیر ضلع سید علی مردان شاہ نے کہاکہ گرین انیشیٹو کے نام پر گولارچی تحصیل کی ہزاروں اروں ایکڑ زمین ہتھیانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ضلع بدین کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔سندھ کے عوام اپنے جائز حقوقِ کے لیے آخری حد تک جانے کے لیے بھی تیارہیں۔ عید کی نماز کے موقع پر احتجاج کیا گیا مگر لگتا ہے کہ مفاد پرست حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں ۔