لاہور(صباح نیوز)پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت کے لیے ایک سنگِ میل کامیابی کے طور پر، ہونڈا اٹلس کارز پاکستان نے مکمل تیار شدہ (Completely Built-Up – CBU) یونٹس کی ملک سے پہلی برآمد کا آغاز کیا۔ یہ تقریب ہونڈا کے پلانٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان تھے۔تقریب میں دیگر اہم سرکاری اور صنعتی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم، اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدابخش علی شامل تھے۔ہونڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ (HACPL) نے کامیابی سے ہونڈا سٹی 1.2L کی 40 گاڑیوں کی پہلی کھیپ جاپان کو برآمد کی، جو پاکستان کی گاڑیوں کی عالمی منڈی میں شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ کامیابی HACPL کے معیار، بھروسا اور جدت پر مبنی عزم کو ظاہر کرتی ہے اور مستقبل کی برآمدی کوششوں کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے۔خصوصی معاون ہارون اختر خان نے ہونڈا اٹلس کے پلانٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی جدید سہولیات، معیار اور برآمدات کے لیے خدمات کو سراہا اور اسے حکومت کے معاشی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ قرار دیا۔
اس موقع پر ہونڈا اٹلس کے چیئرمین عامر ایچ شیرازی نے کاروبار دوست ماحول کے فروغ میں حکومتی تعاون کو اجاگر کیا جبکہ HACPL کے صدر و سی ای او تاکافومی کوئیکے نے ہونڈا کی عالمی میراث اور ٹیکنالوجی میں جدت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں ربن کاٹنے کی رسم بھی ادا کی گئی جو برآمدی سفر کے باضابطہ آغاز کی علامت تھی، جبکہ ماحولیات کے تحفظ کے عزم کے طور پر پودا لگانے کی سرگرمی بھی منعقد کی گئی، جو ہونڈا کے عالمی ویژن کا حصہ ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے ہونڈا اٹلس کارز پاکستان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور پاکستانی ساختہ گاڑیوں کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی پاکستان کے عالمی آٹو مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان قریبی تعاون کو صنعتی ترقی کی کنجی قرار دیا، اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے برآمدی اور پائیدار صنعتی نظام کے وژن کا اعادہ کیا۔ہارون اختر خان نے دیگر مقامی صنعتکاروں کو بھی ابھرتی ہوئی عالمی منڈیوں میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد خطے میں آٹوموٹیو پروڈکشن اور برآمد کا مرکز بن سکتا ہے۔ہونڈا اٹلس کارز کی یہ کامیابی پاکستان کے صنعتی و معاشی اہداف کی عالمی سطح پر تکمیل کی جانب ایک امید افزا قدم ہے۔