اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (FDI) کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ڈائریکٹر جنرل FDI شبانہ سلیم نے کیا۔ ملاقات میں بی آئی ایس پی اور ایف ڈی آئی کے مابین تعاون کو بڑھانے اوربالخصوص بی آئی ایس پی نشوونما پروگرام کیلئے ایک موثر مانیٹرنگ سسٹم کی تشکیل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی نشوونما پروگرام کے لیے ایک جامع ڈیش بورڈ مانیٹرنگ سسٹم تیار کرنے کے لیے بی آئی ایس پی اور ایف ڈی آئی کے درمیان مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بی آئی ایس پی کے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) میں جاری اپ ڈیٹس پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں اداروں کو مستحقین کے لیے بہتر خدمات کو یقینی بنانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں، سینیٹر روبینہ خالد نے ایف ڈی آئی کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ایف ڈی آئی افسران نے ویکسینیشن انوینٹری مینجمنٹ سسٹم (VIMS) اور نیشنل الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری (NEIR) کے ڈیش بورڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ایف ڈی آئی کے ملک بھر میں حفاظتی ٹیکوں کے ڈیش بورڈ اور نگرانی کے نظام کو سراہا۔سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر نشوونما پروگرام کیلئے اسی نوعیت کے ڈ یش بورڈ کی تشکیل کیلئے دونوں اداروں کی ٹیکنیکل ٹیموں کے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے تحت خدمات کی بہتر ٹریکنگ اور انتظام کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈی جی ایف ڈی آئی شبانہ سلیم نے سینیٹر روبینہ خالد کو دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔