وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر تمام کشمیری جماعتیں متحدہیں،ڈاکٹرخالد محمود


اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالدمحمود خان نے کہا ہے کہ وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر تمام کشمیری جماعتیں متحد،ضرب تقسیم کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،

بیس کیمپ کی مسلمہ قیادت نے ہمیشہ سیاسی اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا، دنیا کشمیریوں کی بات سننا چاہتی ہے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے،جماعت اسلامی کل جماعتی کانفرنس کے فیصلے کی روشنی میں آج کے مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی کشمیر کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں طویل لاک ڈائون سے بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، قائدین حریت اور جماعت اسلامی کے قائدین کے گھروں پر چھاپے مار کر ان پر دبائو بڑھایا جارہا ہے ،بستیوں کی بستیاں تاراج کی جارہی ہیں. ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے مہذب دنیا مداخلت کرے اور ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ رپورٹس میں مقبوضہ جموں وکشمیر سے بچوں کی پراسرار گمشدگی باعث تشویش ہے نوجوانوں کو اغواء کر کے جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں نے ایک لمحے کے لیے بھی ہندوستان کے قبضے کو تسلیم نہیں کیا، کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔