چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر نجی بنحسین کی ملاقات، ورلڈ بینک کے ساتھ ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹر روبینہ خالد، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی)، نے اسلام آباد میں بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر نجی بنحسین کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، انہوں نے بی آئی ایس پی کے اسکل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اور بی  آئی ایس پی  رجسٹریشن سینٹرز کی  ریسرٹیفیکیش کے حوالے سے ورلڈ بینک کے ساتھ ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے زور دے کر کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد  بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں کو غربت کے خاتمے اور معاشی خودمختاری کی طرف لے جانا ہے۔

اجلاس میں مختلف ڈسبرسمنٹ لنکڈ انڈیکیٹرز (DLIs) کے حوالے سے بی آئی  ایس پی  کی کارکردگی کا جامع جائزہ بھی لیا گیا، جس میں  بی آئی ایس پی  فیلڈ افسران کی تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ٹیکنیکل تربیتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ  بی آئی ایس پی اور ورلڈ بینک مشترکہ طور پر ٹیمیں تشکیل دیں گی تاکہ  بی آئی ایس پی فیلڈ اسٹاف کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز تیار کی جا سکیں۔مزید برآں، سینیٹر روبینہ خالد نے ورلڈ بینک سے ڈیجیٹل اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔ دونوں فریقوں نے بی آئی ایس پی کے IT اور سائبر سیکیورٹی ونگ کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تجویز کرنے کے لیے مختص ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ مسٹر نجی بنحسین نے اس سلسلے میں ورلڈ بینک کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی