پاکستان کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے، راشد نسیم

 لسبیلہ (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک مقدس مہینہ ہے جو مسلمانوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لاتا ہے، انہیں صبر، استقامت اور تقوی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ یہ مہینہ ثابت کرتا ہے کہ بڑی تبدیلیاں اچانک آتی ہیں جیسا کہ تاریخ میں کئی بار دیکھا گیا ہے۔ اس سال رمضان ایک منفرد پس منظر میں آیا، جہاں مسلم دنیا میں بڑی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ فلسطین میں حماس نے اسرائیل کو سخت نقصان پہنچایا اور اسے مذاکرات پر مجبور کیا۔

بنگلہ دیش میں طلبہ کی جدوجہد سے ظالم حکومت کا خاتمہ ہوا جس سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری آئی۔ شام میں پچاس سالہ جبر کے بعد مظلوم عوام نے اقتدار سنبھالا جبکہ یمن میں بھی انقلابی تحریکیں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لسبیلہ میں افطار تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان میں بھی اچانک تبدیلیاں دیکھی گئیں، لیکن اہلِ ایمان کو چاہیے کہ وہ صبر و استقامت سے جدوجہد جاری رکھیں، مایوسی سے بچیں اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کریں۔ رمضان کی برکتوں سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے اور ہمیں صبر، استقلال اور قربانی کے جذبے کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ ایک روشن اور مستحکم مستقبل کی راہ ہموار ہو سکے۔