اسلام آباد(صباح نیوز)حسن ابدال اور فتح جنگ کے عوام کے لئے خوشخبری ،سی ڈی اے نے برقی بسوں کے روٹ میں مزید اضافہ کرنے کافیصلہ کرلیا ہے ، ان دونوں روٹس پر بھی اب سی ڈی اے کی برقی بسیں چلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے حسن ابدال اور فتح جنگ کے روٹس پر بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے ،چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا منظوری کے لیے سی ڈی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے باقاعدہ اس فیصلے کوپیش کریں گے، فیصلے کی حتمی منظوری بورڈ سے لی جائے گی ۔
سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت میں ماحول دوست نقل و حمل کے آپشنز کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے تاکہ ٹریفک کا رش اور آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ اگر منصوبہ منظور ہو جاتا ہے تو نئی برقی بس سروس مسافروں کے لیے ایک سستا اور ماحولیاتی طور پر دوستانہ سفری اختیار فراہم کرے گی۔