اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سے 2500میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر ناروا ٹیکسز کسی صورت قبول نہیں،آزاد خطے کی ضرورت 350میگاواٹ بجلی ہے حکومت اپنے وعدے کے مطابق آزاد کشمیر کو لوڈ شیڈنگ فری زون قرار دے،بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو چکا حکومت غریب متوسط طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے،
ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں کے عوام کو ریلیف فراہم کرے بجلی،گیس اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا.
اس حوالے سے اقدامات وقت اور حالات کا تقاضا ہے حکومت آزادکشمیر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول اتھارٹی کو فعال کرے ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے کردار ادا کرے،
انہوں نے کہاکہ محض پاکستان سے آنے والی مہنگائی کو من وعن قبول کرنے کی بجائے حکومت اس حوالے سے خصوصی ریلیف کا اہتمام کرے ۔