مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے باعث بند تعلیمی ادارے کھل گئے جامع مسجد تاحال بند


 سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے درس وتدریس کے لیے کھول دیے گئے  ہیں تاہم کرونا وبا کو جواز بنا کر بعض مساجد کھولنے پر پابندی ہے۔ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد نماز وعبادت کے لیے بند ہے ۔

دو روز قبل مسلسل 29ویں ہفتے بھی جامع مسجد سرینگر میں لوگوں کو نمازجمعہ ادا کرنے  کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کی مسلسل بندش پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

ادھر  پیر کے روز 9ویں سے 12ویں تک ہائر سکنڈری سکولوں میں درس و تدریس کا کام شروع ہو گیا ہے  جبکہ حکومت نے سبھی تعلیمی اداروں میں 28 فروری سے  تدریسی عمل شروع کر نے کا اعلا ن کیا ہے ۔

دریں اثناء جموں و کشمیر میں 51دنوں کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعدادکم ہوکر 150تک آگئی ہے ۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 67ہزار 209ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4سفر کرنے والوں سمیت مزید 151افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔

جموں و کشمیر میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 52ہزار 306ہوگئی ہے۔ اس دوران مسلسل دوسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کرونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4746ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 151افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں صوبے میں 90افراد جبکہ کشمیر صوبے میں 61افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 61افراد میں سے ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچا جبکہ دیگر 60افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔