جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے یو این او اپنی ٹیم کشمیر بھیجے ۔ حریت کانفرنس


سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے ا قوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ ، عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروںپر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیموں کے مقبوضہ علاقے کے دورے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کا مطالبہ کیا۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت نے جموں وکشمیر پر ناجائز طوپر قبضہ جمارکھا ہے جسکا کشمیریوں کو بھر پور احساس ہے اور انہوں نے مظالم کے باوجود اس قبضے کو کبھی قبول نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند لوگوں کو اپنے شہداکو دینی رسومات کے مطابق دفنانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جو انسانیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج شہدا کی میتوں کو انکے لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے دور دراز علاقوں میں نامعلوم قبرستانوں میں دفن کر رہی ہے۔ترجمان نے جاری مزاحمتی تحریک کو بھارتی فوجیوں کے جابرانہ اقدامات کے باوجود منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے پختہ عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں اسے شکست دینا بھارتی فوجی تکبر سے بالاتر ہے۔

انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ ، عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیموں کے مقبوضہ علاقے کے دورے کیلئے بھارت پر دبا ڈالیں۔

ترجمان نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کا مطالبہ کیا۔