کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ سمیت کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جمعہ کو جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں اور دھرنے دیئے گئے۔ کراچی ،جیکب آباد ،حیدر آباد،ٹھٹھہ ،بدین ، ٹنڈو الہیار،گھارو، دادو، شکارپور، کندھ کوٹ، نوب شاہ، تھرپارکر اور راجو نظامانی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میںشرکاء نے مہنگائی اور پٹرول قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سخت نعرے بازی اور اضافہ واپس لینے ، مہنگائی ختم کرو کے نعروں پر مبنی پلے کارڈ ہاتھوں میں رکھے تھے جبکہ بعض شرکاء نے گلے میں روٹیاں لٹکا کر انوکھا احتجاج بھی کیا۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے موسیٰ لین لیاری کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی غلط معاشی پالیسوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ اور عوام کا جینا دو بھر ہوگیا ہے ،اس وقت ملک معاشی سیاسی بحران کا شکار ہے۔ حکمروانوں نے عملی طورملک آئی ایم ایف کے حوالے اور ان ہی کی فرمائش پر مہنگائی اور اسٹیٹ بینک اس کے حوالے کر دیا ہے۔سودی نظام اور معیشت اور غیروں کی غلامی اختیار کرنے والے حکمرانوں کے ریاست مدینہ اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے والے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔
کندھ کوٹ میں رسالدار چوک پر احتجاجی دھرنے سے صوبائی رہنما عبدالحفیظ بجارانی، امیر ضلع کشمور آغاا عبد الفتاح پٹھان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کانعرہ تباہی ثابت ہوا ہے اس لیے جتنا جلد ی ہوسکے اس ظالم حکومت سے نجات حاصل کی جائے۔نواب شاہ میں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی اور شہر کے امیر فیصل ہمایوں کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو جو خواب عمران خان نے دکھائے تھے وہ سب چکنا چور ہو گئے ہیں وہ معاشی دہشتگردی کا شکار ہیں غریبی ختم کرنے کے بجائے غریبوں کو ختم کیا جا رہا ہے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اشیاء صرف، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کی جائے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف 101 ملک گیر دھرنوں کا آغاز کردیا ہے اور آخری دھرنا اسلام آباد میں دیا جائے گا مظاہرین نے اس موقع پر حکومت اور عمران خان کے خلاف نعرہ بھی لگائے۔ضلع بدین کے تین مقامات بدین گولارچی. ٹنڈوباگو میں مہنگائی بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نائب امراء سید داود شاہ گیلانی،اللہ بچایو ہالیپوٹہَ غلام رسول احمدانی. عبدالکریم بلیدی جنرل سیکرٹری عظیم احمد منصوری ڈپٹی جنرل سیکرٹریریز محمد سلیم جونیجو فتح خان. ایازلطیف سومرو. عبدالشکور کھوسہ. پروفیسر علی احمد بلیدی. مولانا علی گل ودیگر نے کہا کہ حکومت کی غریب کش پالیسی جبر و ناانصافی کی آخری حد عبور کرگئی، مصنوعی قیادت ملک وقوم کا حشراسی طرح کرتی ہے عوام کو اپنے حقوق کے لیے بیدار ہونا پڑے گا۔
جیکب آباد میں احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری ومقامی امیر ہدایت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں غربت کے بجائے غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے 3 سال گذر چکے مگر کوئی ایک وعد ہ بھی قوم سے کیا گیاپورا نہیں کیا ہے کپتان کی ٹیم بھتر حکمرانی اور عوام کی رلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ۔گھارومیں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی اورنیشنل ہائی وے پردھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع الطاف احمد ملاح،
عبدالسمیع ہالیپوتہ،حمزہ ناہیوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود یہاں ایک ساتھ بارہ روپے فی لٹر اضافہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔کورونا، مہنگائی اورموجودہ حکومت عوام کے لیے اللہ کا عذاب ثابت ہوئے ہیں۔ٹنڈوالہیارمیں بھی امیر ضلع دیدار حسین بہرانی ،حاجی شفیق، پبلک ایڈ کمیٹی کے ضلعی صدرائوجاوید علی قیم ضلع عاشق حسین خانزادہ امیر شہر عبدالوحید نیمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر فوری کنٹرول ،کرپشن اور بدامنی پر قابو پایا جائے اور غریب کو جینے کا حق دیا جائے۔دادومیں امیرضلع مولانا واحد بخش ببر،شکارپورمیں عبدالسمیع بھٹی،راجونظامانی میں عمرفاروق نظامانی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔