پشاور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں جیلوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے پروگرام کا افتتاح کردیا، جس کے تحت اب اہلخانہ قیدیوں سے ویڈیو کال پر بات کرسکیں گے۔ پشاور میں جیلوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے نظام کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ جیل میں موجود تمام قیدی مجرم نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی شہری کو سزا اس لیے دی جاتی ہے کہ اس کی اصلاح ہو سکے، جیل انسان کی اصلاح کے لیے بہت بہترین جگہ ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم صوبے میں جیلوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، 39جیلوں میں قیدیوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اہلخانہ کو قیدیوں سے ملاقات کے لیے انتظار کرنا پڑتا تھا، اب تمام جیلوں کو ایک ڈیٹا بیس پر کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں جب جیل میں تھا تو مجھے گھر والوں سے بات کرانے کا کہا جاتا، مگر میں نے ہمیشہ انکار کیاکہ ایسے میں کمزور پڑ جائوں گا میری بات نہ کرائی جائے۔