کراچی’ناظم آباد میں کار پرفائرنگ سے صحافی اطہر متین جاں بحق


کراچی(صباح نیوز) نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرڈاکوئوں کی کار پر فائرنگ سے سما ء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔

ایس پی گلبرگ طاہر نورانی کے مطابق واقعہ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کولوٹنے کی غرض سے روکنے کی کوشش کی جس پر کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر ماردی جس سے وہ گرگئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر تین گولیاں فائر کیں۔

پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے کار سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان سڑک عبور کرکے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد کچھ کہا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے، انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے جبکہ وہ معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔

 کراچی میں صحافی اطہر متین کو فائرنگ کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فٹیج  بھی منظرعام پر آگئی۔

اطہر متین پر فائرنگ کا واقعہ صبح 8بجکر 29 منٹ پر پیش آیا اور واقعے کی ویڈیو میں ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم فائرنگ کرنے کے بعد پیدل چل رہا ہے اور ایک ملزم بائیک لے کر بھاگ رہا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم نے ہیلمٹ اور ایک نے پی کیپ لگارکھی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقعہ کی مزید سی سی ٹی وی فٹیج سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوسکتی ہے۔

ایس پی گلبرگ طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ بائیک سوار دو لڑکوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، لیکن کار سوار نے گاڑی ان کی بائیک سے ٹکرادی۔ اطہر متین کی گاڑی سے ٹکر انے کے بعد بائیک سوار گرگئے، جس کے بعد بائیک سوار نے اٹھ کر پستول سے ایک فائر کیا جو مقتول کے سینے میں لگا۔

واقعے کے بعد بائیک سوار اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری سے بائیک چھین کرفرار ہوگئے۔