کورونا سے مزید 33 افراد جاں بحق، 2400 نئے کیسز رپورٹ


اسلام آباد(صباح نیوز) ملک بھر میں عالمی مہلک وبا کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 33 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 950ہوگئی جبکہ 2ہزار 400نئے کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14لاکھ 96ہزار 693ہوگئی،ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 4.92فیصد ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 48 ہزار 744 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2400 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پنجاب میں 4 لاکھ 97 ہزار 820، سندھ میں 5 لاکھ 62 ہزار 597، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 13 ہزار 762، بلوچستان میں 35 ہزار 187، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 285، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار 613 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 429 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 33 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 950 ہوگئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4.92 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ پنجاب میں 13 ہزار 418، سندھ میں 8 ہزار 13، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 177، اسلام آباد میں ایک ہزار 2، بلوچستان میں 371، گلگت بلتستان میں 189 اور آزاد کشمیر میں 780 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 13 لاکھ 96 ہزار 218 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ1496 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 59 لاکھ 97 ہزار 179 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔