سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد کریں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس


سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد کریں اور مقبوضہ علاقے میں بے گناہ شہریوں کے ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھارت کو روکیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی  نے  نام نہاد سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کی طرف سے چھاپوں اور سیاسی کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں میں تیزی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس آئی اے نے بیسیوں نوجوانوں کی گرفتاری کے علاوہ جماعت اسلامی کے امیر عبدالحمید فیاض اور تنظیم کے دیگرسینئر رہنماؤں سے آٹھ گھنٹوں تک طویل پوچھ گچھ کی۔

انہوں نے کہا کہ دباو کے یہ تمام حربے کشمیر کے آزادی پسند عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے جائز مطالبے سے روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

بشیر احمد عرفانی نے کہا کہ کشمیر نہ تو امن و امان کا مسئلہ ہے اور نہ ہی زمین کا تنازعہ ہے جبکہ یہ خالصتا ایک سیاسی تنازعہ ہے ۔انہوں نے مزاحمتی قیادت اور عام لوگوں کے سیاسی، معاشرتی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق کے لیے آواز کو دبانے کے لیے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مزاحمت کی تاریخ اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ جابرانہ اقدامات سے بھارت کو کچھ حاصل نہ ہو سکا ہے اورحقیقت یہ ہے کہ کشمیر کے بہادر لوگوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانیں وقف کر دی ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے مقبوضہ علاقے میں گھناونے مجرمانہ ریکارڈ کے لیے بھارتی فسطائی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک پرامن اور جمہوری فارمولہ ہے کہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

مولوی بشیر احمد عرفانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد کریں اور مقبوضہ علاقے میں بے گناہ شہریوں کے ماورائے عدالت ، بلا جواز گرفتاری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھارت کو روکیں۔