چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت بینظیر نشوونما پروگرام پر ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں بینظیر نشوونما پروگرام پر ایک مشاورتی اجلاس  کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں اہم اسٹیک ہولڈرز جن میں سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا، عدیل شاہ اپنی بینظیر نشوونما پروگرام ٹیم کے ہمراہ، اور  ورلڈ فوڈ پروگرام  (WFP) کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ کوکو اشی یاما اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھیں۔

اجلاس کا مقصد خیبر پختونخوا جاری  نشوونما پروگرام کی سرگرمیوں اور بہتر تعاون کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔اجلاس کے دوران ڈی جی سی سی ٹی/این ایس ای آر، ڈاکٹر عاصم اعجاز نے خیبرپختونخوا میں بینظیر نشوونما پروگرام کی موجودہ سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔بینظیر نشوونما پروگرام بی آئی ایس پی کا اہم منصوبہ ہے جو ملک کے 147 اضلاع میں نافذ کیا جا چکا ہے۔

بی آئی ایس پی خیبرپختونخوا میں ورلڈ فوڈ پروگرام  (WFP) اور محکمہ صحت (DoH) کے تعاون سے 148 قائم کردہ سہولتی مراکز کے ذریعے اس پروگرام کو چلارہا ہے۔اب تک، اس پروگرام میں ملک بھر میں 2.78 ملین مستحقین کو رجسٹر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 824,891 خیبرپختونخوا سے رجسٹرڈ ہیں۔ ان مستحقین کو صحت کی خدمات، خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک، اور آئرن و فولک ایسڈ سپلیمنٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا مستحقین کی تعداد کے اعتبار سے ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی، سینیٹر روبینہ خالد نے اسٹیئرنگ کمیٹی کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے ہفتہ وار اجلاس منعقد کیے جائیں اور شکایات کے شفاف اور موثر حل کے لیے گریوینس ریڈریسل کمیٹی کو فعال رکھا جائے۔سیکرٹری بی آئی ایس پی، عامر علی احمد نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مختلف فورمز پر اٹھائے جانے والے کسی بھی مسئلے کے حوالے سے مزید فعال رویہ اپنائیں۔

اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں بینظیر نشوونما پروگرام کو جاری رکھا جائے گا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خیبرپختونخوا میں بینظیر نشوونما پروگرام سے متعلق حالیہ منفی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ صحت خیبرپختونخوا پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پروگرام کی حمایت میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا، عدیل شاہ نے خیبرپختونخوا میں آئی ڈی پیز، تعلیم، اور دیگر منصوبوں میں  ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کی خدمات کو سراہا۔ چیئرپرسن نے بینظیر نشوونما پروگرام کی سہولت اور خدمات کی توسیع میں محکمہ صحت کے کردار کی بھی تعریف کی۔