وزیر اعلیٰ سیاست کو الگ رکھ کر آگے بڑھیں،گورنرسندھ


کراچی(صباح نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سیاست کو الگ رکھ کر آگے بڑھیں اور سندھ میں انصاف صحت کارڈ پروگرام کا حصہ بن کر عوام کی محرومی کو دور کریں۔

کراچی میں حسین لاکھانی ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔گورنر سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے پنجاب اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اب کراچی میں انصاف صحت کارڈ کے ذریعے اپنا علاج کرا سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ انصاف صحت کارڈز رکھنے والے کا تعلق کسی بھی صوبوں سے ہو وہ کراچی میں حسین لاکھانی ہسپتال سے اپنا اعلاج کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت کوشش کی کہ سندھ حکومت بھی اس پروگرام کا حصہ بنے، یہ پروگرام ان افراد کیلئے مفید ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کیلئے بھی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کروں گا۔