سری نگر(کے پی آئی) بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے جنوبی ،وسطی ، شمالی کشمیر اور سری نگر کے کئی مقامات سے24 گھنٹوں کے دوران 23 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
دعوی کیا گیا ہے کہ ان نوجوانوں کا تعلق عسکریت پسند تنظیم ‘جیشِ محمد سے ہے ۔بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور مقبوضہ کشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے جنوبی اور وسطی کشمیر کے دس مختلف مقامات پر چھاپے ماررے۔کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے سری نگر میں چارکشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتارنوجوانوں کی شناخت میدان پورہ سرینگر کے بشارت احمد پامپوری ، دریش کدل سرینگرکے عادل شفیع بٹ، باغ سندر پائین کاکسرائے کرن نگر سرینگر کے مزمل فیاض صوفی اور باغ سندر پائین میدان پورہ سرینگر کے عادل مشتاق میرکے طورپر ہوئی ہے۔ گزشتہ روزایس آئی اے) نے مختلف علاقوں سے 10 نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔ایس آئی اے نے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ان نوجوانوں کا تعلق عسکریت پسند تنظیم ‘جیشِ محمد سے ہے۔این آئی اے نے سری نگر کے علاقے بٹہ مالو ، لسجن اور باغِ مہتاب کے رہائشی علاقوں سمیت جنوبی ضلع کلگام، اننت ناگ، پلوامہ ، شمال مغربی اضلاع بارہمولہ اور کپوارہ کے تین مقامات سے9 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔
این آئی اے کے ترجمان کے مطابق چھاپوں کے دوران حراست میں لیے گئے بعض طالب علم ہیں جن کے قبضے سے کئی قابلِ اعتراض دستاویزات اور دیگر مواد ضبط کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایس آئی اے ) نے جنوبی اور وسطی اضلاع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔بدھ کو سری نگر سے جاری کردہ ایک بیان میں ایس آئی اے نے کہا کہ چھاپوں کے دوران جن دس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان کا تعلق جیشِ محمد سے ہے ۔