کراچی(صباح نیوز )کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے صدر کاظم خان نے سینئر صحافی اور آن لائن نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر محسن بیگ کی گرفتاری اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
سی پی این ای کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن اس کا استعمال صحافتی اقدار اور اصولوں کے مطابق کیا جانا چاہئے۔ صحافتی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا تقاضا ہے کہ اس آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے ذاتیات اور اخلاقیات سے مبرا ہو کر ایشوز پر غیر متعصبانہ اور غیر جانبدارانہ اظہار خیال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سینئر صحافی کو بنا کسی وارنٹ اس طرح گرفتار کرنا اور اہل خانہ کو ہراساں کرنا، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو پامال کرنا انتہائی مذمتی عمل ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں قانون کی عمل داری نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ محسن بیگ سے متعلقہ کسی بھی ماورائے قانون اقدام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔