کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پٹرول کی قیمت میں 12 روپے سے زائد اضافہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی لٹربارہ روپے پیٹرل قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے ظلم و نا انصافی کے مارے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے۔عوامی وتبدیلی کی دعویدار حکومت اس طرح کے ظالمانہ فیصلے کرکے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ چاردن پہلے ہی بجلی کی قیمت میں تین روپے دس پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا۔
جمعرات اور جمعہ کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔عوام مہنگائی وسودی نظام معیشت کے خلاف جاری تحریک اور عوام دشمن فیصلوں کے خلاف احتجاج میں بھر پور شرکت کر کے اپنا احتجاج بلند کریں۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ روزانہ اشیائے خورونوش وادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ملک کی تاریخ میں پٹرول قیمتوں میں بلند ترین اضافہ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی بعض وزراء اپنی ناکامی پر شرمندگی کا اظہار کرنے کی بجائے کبھی کہتے ہیں چینی کم استمال کرو، آٹا کم کھاؤ ،ٹماٹر کی بجائے دھی استعمال کرو گے مضحکہ خیز بیان دیکر عوام کے ذخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں۔صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول قیمتوں میں 50 فیصد کمی اور لیوی وکسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام سبسڈی دی جائے۔