راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کرناٹک سمیت ہندوستان کی دیگر ریاستوں میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ،ہندوستان آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ عزائم کو آگے بڑھا رہا ہے جو خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے ،نریندرمودی بارود کے ڈھیر پر بیٹھ کر آگ سلگا رہا ہے جس سے پوری دنیا کا امن تباہ ہو جائے گا ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے عالمی برادری اس کے خلاف کاروائی کرے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ نریندرمودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے غیر ریاستی انتہا پسند ہندوئوں کو 55لاکھ سے زائد ڈومسائل جاری کرکے ریاست جموں وکشمیر کی دیموگرافی تبدیل کررہا ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تو بڑا انسانی المیہ رونما ہو گا حکومت پاکستان عالمی سطح پر ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے منظم سفارتی مہم تیز کرے اور کشمیریوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری آزادی کے لیے 5لاکھ قربانیاں پیش کرچکے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر کشمیری متحد و متفق ہیں ریاست کی وحدت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،حکومت قائد اعظم کے فرمان کے مطابق بیس کیمپ کے حقیقی رول کو بحال کرے اور کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے ۔