رباط،بماکو(صباح نیوز) مغربی افریقہ سے سپین کے جزائر کینری جانے والی ایک کشتی مراکش کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 25 مالی باشندوں سمیت 69 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کشتی میں 80 افراد سوار تھے۔مالی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ کشتی میں سوار صرف 11 افراد زندہ بچ سکے ، صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے کرائسس یونٹ قائم کیا گیا ۔
وزارت کے مشیر ڈولے کیتا نے ایک بیان میں بتایا کہ مالی کے متاثرین میں سے کئی افراد کا تعلق ملک کے مغرب میں واقع کائس کے علاقے سے ہے۔کائس کے علاقے میں واقع مارینا کے کمیون کے میئر مامادو سیبی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے 25 مالیوں میں سے 8 کا تعلق میرے کمیون سے ہے۔مرنے والے نوجوانوں نے 7 مہینے پہلے موریطانیہ میں تعمیراتی صنعت میں کام کرنے کے لیے میرا کمیون چھوڑ دیا تھا۔بدقسمتی سے، وہ یورپ اور امریکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں تھے، جنہوں نے انہیں مغربی ممالک کی جانب سفر کرنے کی ترغیب دی، اور زیادہ تر معاملات میں نوجوانوں نے اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر خطرناک سفر کیا۔