اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کے سارے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ملکر جشن منائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل ہمیشہ مسلم لیگ ن ہی حل کرتی ہے۔ملک دشمن جماعت ملک کو کھوکھلا کرنے کے کیے کوشاں رہتی ہے، ائی ایم ایف کو کہتے تھے قرض نہ دیں، آج باہر سے آنے والی ترسیلات اٹھ اعشاریہ اٹھ ارب ڈالر ہے، جو مہنگائی 23فیصد تھی، آج چار فیصد پر ہے، ایکسپورٹس میں اضافہ ہو رہا ہے، شرح سود نیچے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے 9مئی پر حملہ کیا، آج 25ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے، یہ وہ ملزمان تھے جنہوں نے دفاعی عمارتوں کو نقصان پہنچایا، اس سے پہلے شہداء کی کبھی بے حرمتی نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں تشدد کی روایات ڈالی۔ اختلاف تہذیب کے دائرے میں رہ کر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ ایک طرف کرپشن اور دوسری طرف ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا گیا، آئی ایم ایف کو کہا گیا کہ اس ملک کو قرضہ نہ دو، یہ ممکن نہ ہوتا اگر سپہ سالار کی محنت اس میں شامل نہ ہوتی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار کا ماسٹر مائنڈ آج واضح ہوگیا، آج پاکستان کیلئے بہت بڑا دن ہے، عوام 9مئی کے واقعے پر انصاف تلاش کررہے تھے، 9مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت سب کو سزا دی جائے گی۔ وفاقی وزیر عطا تارڑ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کا منصوبہ ساز بانی پی ٹی آئی تھے، سانحے کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، 9 مئی کے سارے افراد جب انتقام تک پہنچے تو جشن منائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر ہائوس پر حملہ کرکے دشمن کے ہاتھ مضبوط کیے گئے، کور کمانڈر ہائوس سمیت دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والے25مجرموں کوسزائیں ہوئیں۔ وفاقی وزیرعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ملک کو درپیش مسائل آہستہ حل ہو رہے ہیں۔ اگلے انتخابات میں جب ہم آپ کے پاس آئیں گے تو اپ خود بتائیں گے کہ آپ سے کیے گئے وعدے پورے ہوئے ہیں۔ عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت 190 ملین پائوند کی چوری میں ملوت نہیں،جس نے چوری کی وہ اپنی سزا بھگت رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے بھرپور محنت کی، سپہ سالار عاصم منیر نے بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے، سیاسی دہشتگردوں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی کی آج ان کو سزا ملی ہے۔واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ مجرموں کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ہر فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔