حماس کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی توثیق پر مبنی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم

غزہ (صباح نیوز)اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی توثیق پر مبنی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہو ئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ان قراردادوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ قبضے کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام اپنی آزاد ریاست کے قیام میں کامیاب ہو سکیں۔اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے جاری بیان میں کہاہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی توثیق پر مبنی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتی ہے،

جسے 172 ممالک کی اکثریتی حمایت حاصل ہوئی۔ یہ قرارداد عالمی برادری کے فلسطینی کاز کے ساتھ انصاف، حمایت، اور قابض ریاست کی پالیسیوں کو مسترد کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔ہم اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی دبا کو نظرانداز کرتے ہوئے ان قراردادوں کو عملی شکل دیں۔جماس نے کہا کہ ضروری ہے کہ فوری اور موثر اقدامات کے ذریعے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کا خاتمہ کیا جائے، قابض افواج کا تسلط ختم کیا جائے، اور فلسطینی عوام کو اپنے مقدر کا فیصلہ کرنے اور اپنی آزاد ریاست کے قیام، جس کا دارالحکومت القدس ہو، کا حق دیا جائے۔