سرینگر : بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی شہید ، تحریک حریت کے دفتر پر چھاپہ

سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے بزرگ کشمیری حریت قائد سید علی گیلانی شہید کے گھر پر بدھ کوسرینگر میں چھاپہ مارا ۔ پولیس نے سرینگر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے دفتر کی بھی تلاشی لی۔

پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید قائد کے گھرپر چھاپہ مارا ۔ پولیس اہلکاروں نے سید علی گیلانی کے کمرے کی خاص طور پر تلاشی لی اور کمرے میں موجود انکی کتب اور اہم دستاویزات و غیرہ ضبط کر لیں۔دریںاثنا پولیس نے حید پورہ مومن آباد میں ہی واقع تحریک حریت جموںوکشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا ۔

پولیس دفتر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی اور تلاشی لی۔ پولیس نے دفتر میں موجود اہم دستاویزت ضبط کر لیں۔ دونوں چھاپوں کی قیادت بڈگام تھانے کے ایس ایچ او نے کی۔یاد رہے کہ بھارت نے تحریک حریت جموں وکشمیر کو ایک ممنوعہ جماعت قرار دے رکھا ہے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی شہید کے گھر اور تحریک حریت کے دفتر پر چھاپو ں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے سید علی گیلانی کو دس برس سے زائد عرصے تک مسلسل گھر میں نظر بند رکھااور نظر بندی کے دوران ہی وہ شہادت کا رتبہ پا گئے ، ان کے گھر پر چھاپہ بھارتی بوکھلاہٹ کا واضح عکاس ہے۔